نور و سرور
1

جو ‘ میرے آقاؐ! تِری بارگاہ تک پہنچے

وہ لوگ چشمۂ نُورِ الٰہ تک پہنچے

2

جو اُن سے دور رہے وہ غموں سے چُور رہے

رہے مزے میں جو اُن کی پناہ تک پہنچے

3

کچھ ایسے لوگ بھی ہیں جو بفیضِ چشمِ کرم

نہ گھر سے نکلے مگر بارگاہ تک پہنچے

4

وہ بدنصیب سنواریں گے کیا نصیب اپنا

اُلجھ کے شاہ کے حالِ تباہ تک پہنچے

5

بفیضِ حق اُنہیں آیا نظر نشانِ جلی

وہ خُوش نصیب ہیں جو شاہراہ تک پہنچے

6

جو لوگ نان کو جویں کو ترستے رہتے تھے

بفیضِ لُطف وہ تاج و کلاہ تک پہنچے

7

ِگھری ہے اُمتِ مسلم یہود میں ساؔجِد

خُدا کرے ‘ مِری فریاد شاہؐ تک پہنچے