نور و سرور
1

سُلطانِ کائنات ‘ خُدا کا حبیب ہے

سروِتجلّیات ‘ خُدا کا حبیب ہے

2

نُورِ نبیؐ کی روشنی ہے عرش و فرش پر

صد رونقِ حَیات ‘ خُدا کا حبیب ہے

3

پرتو ہے اُن کے حُسن کا رعنائیِ حیات

اِک دفترِ صِفات ‘ خُدا کا حبیب ہے

4

تقویٰ ہے جِس کی آنکھ میں معیارِ امتیاز

عالی گُہر وہ ذات ‘ خُدا کا حبیب ہے

5

طوفاں میں جِس کا نام ہُوا نُوحؑ کی پناہ

وہ مایۂ نَجات ‘ خُدا کا حبیب ہے

6

شیرینیٔ کلام پہ جِس کی جہاں فِدا

وہ معدنِ نبات ‘ خُدا کا حبیب ہے

7

ساؔجِد ہے جِس کی چشمِ عِنایَت سے شاد کام

وہ جانِ کائنات ‘ خُدا کا حبیب ہے