← حرفِ نیاز
1
جان و دِل، سینہ و جِگر قرباں
دین و ایماں شاہؐ پر قرباں
2
عالمِ قُدس بھی نثار اِدھر
محفلِ آب و گِل اِدھر قرباں
3
شام تیرے گیسوؤں پہ نثار
رُخ کے جلوۂ سحر پر قرباں
4
مطلعِ نُورِ حق وہ پیشانی
اُس اُفق پر نظر نظر قرباں
5
آپؐ پر شیفتہ ہے ربِّ کریم
کرتے ہیں انبیاؐ بھی سر قرباں
6
ہیں مدینے کی شاہراہوں پر
ساری دُنیا کے بام و در قُرباں
7
کیا کرے نذر ساجدؔ ناچیز
کیا کرے مجھ سا بے ہنر قرباں