← حرفِ نیاز
1
خیالِ نبیؐ موجئہ زندگی ہے
یہی سرخوشی ہے یہی بے خُودی ہے
2
جہاں میں اُجالا ہے نُورِ نبیؐ سے
ہر اِک بزم میں آپؐ کی روشنی ہے
3
رواں اُس مُسافر کی جانب ہے منزل
میسَّر جسے آپؐ کی رَہبری ہے
4
ابھی خام ہے میرا ذوقِ محبت
ابھی شوق کی میرے دِل میں کمی ہے
5
زمانے کی کشتی کے وہ نا خُدا ہیں
زمانے کی بِگڑی اُنہیں سے بنی ہے
6
رگِ جاں ہے ساؔجِد مجھے ذِکر اُن کا
محمدؐ کی مِدحت مِری زندگی ہے