← حرفِ نیاز
1
زِفرق تابقدم نور ہے رسولِؐ خدا
نشے میں ذات کے محشور ہے رسولِؐ خدا
2
جنابِ حق میں ہر اِک بات ہے قبول تری
ہر التجا تری منظور ہے رسولِؐ خدا
3
ہے تیری یاد کی مَستی مِری رگ و پے میں
ترے خُمار سے دل چُور ہے رسولِؐ خدا
4
خدا کے نام کے پہلو میں نامِ پاک ترا
جبینِ عرش پہ مسطور ہے رسولِؐ خدا
5
کسے ہے تاب کہ دیکھے وہ رُخ بغیر حجاب
ہزار جلوؤں میں مستور ہے رسولِؐ خدا
6
ہوائے خُلد چلی ہے‘ چھڑا ہے ذکرِ ترا
فضا نشاط سے معمور ہے رسولِؐ خدا
7
ہر ایک قول ہے لاریب زِندگی کا اصول
ہر اِک عمل تیرا منشور ہے رسولِؐ خدا
8
نگاہِ لطف سے ساجد کو اپنے پاس بُلا
غلام تجھ سے ترا دُور ہے رسولِؐ خدا