← حرفِ نیاز
1
سُلطانِ جہاں حضرتِ محبوبِؐ دو عالم
کونین پہ ہے رحمتِ محبوبِؐ دو عالم
2
وہ قلب ہے جلوہ گہِ اَنوارِ حقیقت
جس قلب میں ہے صورتِ محبوبِؐ دو عالم
3
سرخم ہیں سلاطیں کے دَرِ شاہِؐ رُسل پر
ہے شوکتِ حق‘ شوکتِ محبوبِؐ دو عالم
4
سبھی ہیں طلبگارِ لطف‘ خاکی بھی نوری بھی
اللّٰہ رے یہ عظمتِ محبوبِؐ دو عالم
5
توفیق خدا دے تو سمجھ نکتۂ توحید
دشوار نہیں حکمتِ محبوبِؐ دو عالم
6
اندیشۂ ایمان نہ اُسے خطرہِ جاں ہے
حاصل ہے جسے نسبتِ محبوبِؐ دو عالم
7
ہے ذاتِ خُداوند کا مظہر میرا آقا
قبلہ ہے درِ دولتِ محبوبِؐ دو عالم
8
ساؔجِد ہے مجھے نامِ محمدؐ کا سہارا
ہے وِرد مِرا مدحتِ محبوبِؐ دو عالم