← حرفِ نیاز
1
گائی جو میں نے نعتِ محمدؐ ترنگ میں
دوڑی نشے کی لہر مِرے انگ انگ میں
2
کچھ اور ہی فضا ہے دیارِ حبیبؐ کی
ہر ایک شے ہے ڈوبی ہوئی حسن و رنگ میں
3
طوفان آ گیا ہے تمنائے شوق میں
سیلاب ہے رواں میرے دِل کی اُمنگ میں
4
یادِ نبیؐ کی مستیوں کو ظرف چاہیے
آتے ہیں چند پھول ہی دامانِ تنگ میں
5
تیری نظر کا فیض ہے ناموسِ زِندگی
شامِل ہے تیرا لُطف مِرے نام و ننگ میں
6
ساؔجِد خُدا کی دَین ہے ذوقِ سماع بھی
کرتی ہے رقص روح مِری بزمِ چنگ میں