حرفِ نیاز
1

XXXکھڑا در پر سراپا اِلتجا ہوں یا رسُول اللہ

غُلامِ کمتریں ادنیٰ گَدا ہوں یا رسُول اللہ

2

سہارا دیجئے بے دست و پا ہوں یا رسُول اللہ

کرم فرمائے بے آسرا ہوں یا رسُول اللہ

3

مِرا حالِ زَبُوں محتاجِ چشمِ لُطف ہے خواجہ!

پریشاں ہوں گرفتارِ بلا ہوں یا رسُول اللہ

4

تِری دوری دِل و جاں کو بہت بے چین رکھتی ہے

غمِ فرقت میں تیرے مبتلا ہوں یا رسُول اللہ

5

مہینہ ہے رجب کا مستحق میں بھی کرم کا ہوں

طلبگارِ عطا ہوں بے نَوا ہوں یا رسُول اللہ

6

فدائی ہوں ابوبکرؓ و عمرؓ عثمانؓ و حیدرؓ کا

گدائے کوچۂ آلِ عبا ہوں یا رسُول اللہ

7

میں ساؔجِد نام کا ہوں کام ساؔجِد مجھے کر دے

غُبارِ راہ کی صورت پڑا ہوں یا رسُول اللہ