حرفِ نیاز

مجھ کو بھی ہو نصیب زیارتِ رسولؐ کی

اللہ کا جمال ہے صورتِ رسولؐ کی

کیسے ادا ہو شکرِ خدائے کریم کا

انعام ہے خدا کا محبتِ رسولؐ کی

عرشِ عظیم بھی تو پائے رسولؐ ہے

صلِّ علیٰ یہ شان یہ شوکتِ رسولؐ کی

سرکار ہیں جہاں کے لیے رحمتِ تمام

سرمایۂ حیات ہے رحمتِ رسولؐ کی

مجھ کو قسم ہے بنتِ پیمبرؐ کے نام کی

معصوم و پاکباز ہے عترتِ رسولؐ کی

سرکار ہیں تمام رسولوں کے پیشوا

خیرالانام جہاں میں ہے اُمتِ رسولؐ کی

ساجدؔ نہیں ہے فکر ہمیں یومِ حشر کی

ہوگی نصیب ہم کو شفاعتِ رسولؐ کی