← جانِ جہاں
نوازشات کے اُمّید دار ہم بھی ہیں
نبی ﷺ کی آل کے خدمت گزار ہم بھی ہیں
بغل میں اپنی لیے قلبِ زار ہم بھی ہیں
پیے زیارتِ شہ ﷺ بے قرار ہم بھی ہیں
بفضلِ حق ہے میسّر ہمیں بھی سرشاری
نبی ﷺ کے لطف سے باغ و بہار ہم بھی ہیں
ہزار شکر کہ ہم بھی فقیر ہیں اُن کے
نیازمندوں کی صف میں شمار ہم بھی ہیں
کہیں سے پھول ملے کوئی اُن کی رنگت کا
جمالِ شاہِ رسل ﷺ نثار ہم بھی ہیں
ضرور ہم کو چھپائیں گے اپنے دامن میں
کہ اُن کے در پہ کھڑے شرمسار ہم بھی ہیں
ہمیں بھی اپنے مقدّر پہ فخر ہے ساجدؔ
گدائے کوئے شہِ نامدار ﷺ ہم بھی ہیں