جانِ جہاں
1

نوازشات کے اُمّید دار ہم بھی ہیں

نبی ﷺ کی آل کے خِدمت گُزار ہم بھی ہیں

2

بغَل میں اپنی لیے قلبِ زار ہم بھی ہیں

پیے زیارتِ شہ ﷺ بے قرار ہم بھی ہیں

3

بفضلِ حق ہے میسّر ہمیں بھی سرشاری

نبی ﷺ کے لُطف سے باغ و بہار ہم بھی ہیں

4

ہزار شُکر کہ ہم بھی فقیر ہیں اُن کے

نیازمندوں کی صف میں شُمار ہم بھی ہیں

5

کہیں سے پھول ملے کوئی اُن کی رنگت کا

جمالِ شاہِ رُسُل ﷺ نثار ہم بھی ہیں

6

ضرور ہم کو چھپائیں گے اپنے دامَن میں

کہ اُن کے در پہ کھڑے شرمسار ہم بھی ہیں

7

ہمیں بھی اپنے مقدّر پہ فخر ہے ساؔجِد

گدائے کوئے شہِ نامدار ﷺ ہم بھی ہیں