جانِ جہاں

قبولِ سروِ عالم ﷺ سلام ہو جائے

پیامِ اُن کا ہمارے بھی نام ہو جائے

رہے خیالِ نبی ﷺ ہر گھڑی دل و جاں میں

اسی میں عمر یہ ساری تمام ہو جائے

نبی ﷺ و حق کے سوا کچھ مجھے نہ یاد رہے

غمِ زمان و مکاں زیرِ دام ہو جائے

الٰہی! اُن کی مرے دل میں ایسی چاہت ہو

مرا بھی چاہنے والوں میں نام ہو جائے

مرے حضور! اِدھر بھی نظر ہو رحمت کی

عطا سرور کا مجھ کو بھی جام ہو جائے

نبی ﷺ کے لطف و کرم کا یہ فیض ہے اودنی⚠️

کہ بندہ اُن کی نظر سے امام ہو جائے

نبی ﷺ کی نعت لکھوں رات ہو کہ دن ساجدؔ

نصیبِ الٰہی! سعادت مدام ہو جائے