نور و سرور

اے حبیبِؐ خدا سلام علیک

جلوۂ کبریا سلام علیک

جانِ بیمار کا علاج ہیں آپؐ

آپؐ دل کی دوا سلام علیک

آپؐ ہیں ابتدائے زمانے کی

آپؐ ہیں انتہا سلام علیک

عرشِ کی رفعتیں ہیں صلِّ علیٰ

آپؐ کے زیرِ پا سلام علیک

سارا عالم ہے آپؐ سے روشن

آپؐ نُورِ خدا سلام علیک

آپؐ ہیں کائنات کا مقصود

آپؐ ہیں مدّعا سلام علیک

ایک ساجد کے ہی نہیں سب کے

آپؐ ہیں آسرا سلام علیک