نور و سرور
1

باغِ عالَم کا رنگ و بُو ہیں آپؐ

آنکھ والوں کی آرزو ہیں آپؐ

2

آپؐ سے ہے تمام حُسن و جمال

حق کے محبوبِ خوبرو ہیں آپؐ

3

آپؐ کے نُور سے ہیں لوح و قلم

عرش و کرسی کی آبرو ہیں آپؐ

4

جِس کے دِیدار کو نظر بے چین

دِل کو ہے جِس کی جُستجو ہیں آپؐ

5

قُربِ حق ‘ بے قیاس ہر لمحہ

ہر گھڑی حق کے روبرو ہیں آپؐ

6

بزم در بزم جِن کا چرچا ہے

ذِکر ہے جِن کا کُوبکُو ہیں آپؐ

7

شعرِ ساؔجِد کا آپؐ کا عنواں ہیں

اِس کا موضوعِ گفتگو ہیں آپؐ