← نور و سرور
دل و جاں میں ہے نُورِ فیضانِ نبیؐ کا
کرم ہے جہاں پر فراواں نبیؐ کا
ہے ذکرِ نبیؐ آسماں اور زمیں پر
ہے ہر ایک ذرہ ثناخواں نبیؐ کا
خدا کی تجلّی کا نبیؐ کا ہے پیکر
خدا کا ہے عرفانِ عرفاں نبیؐ کا
محیطِ جہاں اُن کا ہے نُورِ رحمت
ہے سارے زمانے پہ احساں نبیؐ کا
اُنہی کے ذہن سے خدا بولتا ہے
خدا کا ہے فرمانِ فرماں نبیؐ کا
گزر کِس کا ہو اُن کے خلوت کدے میں
کہ جلوت گہِ حق ہے ایواں نبیؐ کا
کبھی وہ بھی دن رات آئیں گے ساجد
میں ہوں گا مدینے میں مہماں نبیؐ کا