حرفِ نیاز

جانِ جاناں امیرِ مرسل ہیں

شاہِ شاہاں امیرِ مرسل ہیں

اُن کی توصیف ہے خدا کی ثنا

نورِ یزداں امیرِ مرسل ہیں

ہے اساسِ حیات نورِ نبیؐ

صبحِ امکاں امیرِ مرسل ہیں

آپؐ ہیں دردِ لا دوا کی شفا!

دل کے درماں امیرِ مرسل ہیں

رحمتِ دو جہاں ہے ذاتِ نبیؐ

لطفِ رحماں امیرِ مرسل ہیں

وہ کتابِ مبیں ہیں سرتا پا

جانِ ایماں امیرِ مرسل ہیں

کس قدر خوش نصیب ہے ساجدؔ

اِس کے سلطاں امیرِ مرسل ہیں