حرفِ نیاز
1

صلِّ علیٰ یہ شان نِرالی حضورؐ کی

جھومر ہے عرشِ پاک کا جالی حضورؐ کی

2

قُدسی بھی ہیں کھڑے درِ عالی جنابؐ پر

ہے ساری کائنات سوالی حضورؐ کی

3

ہر اِک حُسن حضورؐ کا حکمت کا شاہکار

ہر ایک بات سلکِ لآلی حضورؐ کی

4

دیکھے جمالِ اُن کا مِری آنکھ الاماں

کافی ہے مجھ کو شکلِ خیالی حضورؐ کی

5

چشمِ کرم تھی دُشمنِ جاں پر بھی مِہرباں

اللہ رے یہ شانِ جمالی حضورؐ کی

6

غالب ہے سب پہ عظمتِ کردار آپؐ کی

اعجاز ہے شگُفتہ مقالی حضورؐ کی

7

ہر طور بے نظیر‘ بے مِثل ہر ادا

ہر طرز‘ ہر روشن ہے مثالی حضورؐ کی

8

سارے جہاں سے مرتبہ اُن کا بُلند ہے

بے اشتباہ ذات ہے عالی حضورؐ کی

9

"حرفِ نیاز" تحفۂ ساؔجِد قبول ہو

لایا ہے کتنے شوق سے ڈالی حضورؐ کی