حرفِ نیاز
1

محبت کا دِل میں شرر دیکھتا ہوں

میں جلووں کا ہر سُو نگر دیکھتا ہوں

2

نہ رستہ نہ رختِ سفر دیکھتا ہوں

میں اُن کی نظر راہبر دیکھتا ہوں

3

مُعطّر ہیں دِن رات اُن کی مہک سے

میں سَرشار شام و سحر دیکھتا ہوں

4

میں کرتا ہوں اپنے دِل و جاں نچھاور

جہاں بھی کوئی دیدہ ور دیکھتا ہوں

5

مجھے یاد آتی ہے وہ چشمِ رحمت

میں جب بھی کوئی چشمِ تر دیکھتا ہوں

6

نِگاہوں میں جَلوے ہیں نُورِ نبیؐ کے

جہاں دیکھتا ہوں جدھر دیکھتا ہوں

7

شُبہ مجھ کو ہوتا ہے اپنے پہ ساؔجِد

پرندہ جو بے بال و پَر دیکھتا ہوں