← جانِ جہاں
دائم یہاں ہے کثرتِ انوارِ مصطفیٰ ﷺ
روشن ہیں رات دن در و دیوارِ مصطفیٰ ﷺ
بے ساختہ اُترتی ہے دل میں حدیثِ پاک
قد و نبات سربسر گفتارِ مصطفیٰ ﷺ
اس کو سندِ علیٰ سے ملی علمِ فکر کی
جس پر کھلا دریچۂ اسرارِ مصطفیٰ ﷺ
توفیقِ حق سے آپ ﷺ نگہبانِ جہاں کے ہیں
اللہ کی ہے ذاتِ نگہدارِ مصطفیٰ ﷺ
اندازِ عقل و فکر کے بے بس ہوئے تمام
رفتار میں یوں تیز ہے رہوارِ مصطفیٰ ﷺ
کرتا ہے خاشعی سے دلوں پر حکومتیں
فضلِ خدا سے حاشیہ بردارِ مصطفیٰ ﷺ
ساجدؔ خزاں میں ٹھہرتے ہیں برگ و ثمر ضرور
رہتا ہے ہر گھڑی کھلا گلزارِ مصطفیٰ ﷺ