جانِ جہاں

آپ ﷺ کی شان عجب شان مدینے والے!

آپ ﷺ ایمان کی ہیں جان مدینے والے!

نہ منافق کا اسے ڈر نہ عدو کا خدشہ

آپ ﷺ ہیں جس کے نگہبان مدینے والے!

قدسیوں کا جو سرِخیل ہے، جبریل امیں

آپ ﷺ کے در کا ہے دربان مدینے والے!

خاطرِ زار کی کب ہوں گی مرادیں پوری

مشکلیں ہوں گی کب آسان مدینے والے!

فاطمۂ پاک کے صدقے ہو مرض دُور مرا

ہو مرے درد کا درمان مدینے والے!

ذاتِ اللہ کا عرفان اسے حاصل ہے

جس کو ہے آپ ﷺ کی پہچان مدینے والے!

اک نظرِ لطف و عنایت کی اِدھر بھی شاہا!

دل ہے ساجدؔ کا پریشان مدینے والے!