← نور و سرور
1
حق سے کرے جو خَلق کو واصِل وہ آپؐ ہیں
جس رُخ پہ ہم روانہ ہیں منزِل وہ آپؐ ہیں
2
کہتے ہیں راہِ حق جسے ‘ ہے راہ آپؐ کی
کہتے ہیں جِس کو رَہبَرِ کامِل وہ آپؐ ہیں
3
اُس چشمِ اِلتِفات سے کِھلتے ہیں جان و دِل
ناقص بھی جِن کے دَم سے ہے قابل وہ آپؐ ہیں
4
جِس نے بُلند پرچمِ صِدق و یقیں کیا
جِس نے نِگوں کیا سرِ باطِل وہ آپؐ ہیں
5
لب جِن کے ذِکرِ پاک سے عنبر فِشاں ہوئے
دِل جِن کے حُسن کے ہوئے گھائل وہ آپؐ ہیں
6
ہوتے نہ وہ تو بزمِ مہ و مہر تھی کہاں
جِن سے ہے آب وگُل کی یہ محفِل وہ آپؐ ہیں
7
ساؔجِد ہے جِن کے واسطے جاں اِضطِراب میں
ہے بے قرار جِن کے لیے دِل وہ آپؐ ہیں