← نور و سرور
شاہؐ کے آستاں کی بات کریں
حُسن کے آسماں کی بات کریں
جِس کے جلوے ہیں خلد کی رونق
اُس رُخِ ضوفشاں کی بات کریں
لب پر دائم نبیؐ کا نام رہے
راحتِ جاوداں کی بات کریں
ذکرِ سرو و سمن ہے لا حاصل
حاصلِ دو جہاں کی بات کریں
جِس کا دیدار، دیدِ حق، بر حق
حق کے اِس ترجماں کی بات کریں
ہے تجلّیِ خدا کی جِس کا وجود
اُس حقیقت نشاں کی بات کریں
ذکرِ دنیا فریب ہے ساجد
نُورِ ربِّ جہاں کی بات کریں