← نور و سرور
دل وقفِ تمنّائے رسولؐ عربی ہے
وابستۂ ایمائے رسولؐ عربی ہے
جس حُسن کی تمثیل نہیں کُون و مکاں میں
وہ پیکرِ زیبائے رسولؐ عربی ہے
ذرّے کو جو پیمانۂ رنگین بنا دے
وہ نشّۂ صہبائے رسولؐ عربی ہے
ہے جس کے ہر اک قطرہ میں قلزم کا تموّج
واللہ، وہ دریائے رسولؐ عربی ہے
یہ بزمِ یُونہی نُور سے معمور رہے گی
حق انجمنِ آرائے رسولؐ عربی ہے
آفاق کا گوشہ کوئی اوجھل نہیں جس سے
وہ دیدۂ بینائے رسولؐ عربی ہے
ساجد مرے وجدان کی دُنیا ہے منوّر
یہ جلوۂ اسمائے رسولؐ عربی ہے