← نور و سرور
تسکیں نَواز، رُوح فِزا ذِکرِ مصطفیٰؐ
جنت کا پھول مہکا ہوا، ذِکرِ مصطفیٰؐ
ذِکرِ حبیبؐ سے ہے تازہ مِری زُباں
مجھ کو بھی بخش میرے خُدا! ذِکرِ مصطفیٰؐ
نعمت ہے بے حد، خُدائے کریم کی
ربِّ جہاں کی خاص عطا ذِکرِ مصطفیٰؐ
اُس دِل پہ ہے نزولِ عِنایات رات دِن
جس دِل کا ہے وظیفہ سدا ذِکرِ مصطفیٰؐ
نامِ نبیؐ ہے مُونسِ جاں اِضطِراب میں
ہے خلوتوں میں نغمۂ سرا ذِکرِ مصطفیٰؐ
تشبیہ بے وجود ہے تزئیب کے سِوا
لاریب ذِکرِ شانِ خُدا، ذِکرِ مصطفیٰؐ
ساجد میں مبتلائے الَم جب کبھی ہُوا
آیا خُوشی ہے بن کے صدا ذِکرِ مصطفیٰؐ