← نور و سرور
1
دِل وقفِ تمنّائے رسُولِؐ عربی ہے
وابستۂ ایمائے رسُولِؐ عربی ہے
2
جس حُسن کی تمثیل نہیں کون و مَکاں میں
وہ پَیکرِ زیبائے رسُولِؐ عربی ہے
3
ذرّے کو جو پیمانۂ رنگین بنا دے
وہ نشّۂ صہبائے رسُولِؐ عربی ہے
4
ہے جس کے ہر اِک قطرہ میں قلزم کا تموّج
واللہ ‘ وہ دریائے رسُولِؐ عربی ہے
5
یہ بزمِ یُونہی نُور سے معمور رہے گی
حق انجمنِ آرائے رسُولِؐ عربی ہے
6
آفاق کا گوشہ کوئی اوجھل نہیں جس سے
وہ دیدۂ بینائے رسُولِؐ عربی ہے
7
ساؔجِد مِرے وِجدان کی دُنیا ہے مُنوّر
یہ جلوۂ اسمائے رسُولِؐ عربی ہے