نور و سرور

خدا کے آپؐ ہوئے نُور یا رسولؐ اللہ!

یہ دل ہے آپؐ سے مسرور یا رسولؐ اللہ!

جنابِ حق میں ہر اک بات آپؐ کی مقبول

ہر التماس ہے منظور یا رسولؐ اللہ!

ہے نامِ آپؐ کا واصل خدا کے نام کے ساتھ

جبیں عرش پہ مسطور یا رسولؐ اللہ!

ہوائے خُلد چلی، آپؐ کا ہے ذکر چھڑا

فضا خوشی سے ہے معمور یا رسولؐ اللہ!

ہیں فعل آپؐ کے سب حرفِ حق کی تفسیریں

ہیں قول، دین کا منشور یا رسولؐ اللہ!

رُخِ جمیل آپؐ کا نہ دیکھ سکے کوئی

ہزار پردوں میں مستور یا رسولؐ اللہ!

بسر ہو زندگی ساجد کی آپؐ کے در پر

کبھی غلام نہ ہو دور یا رسولؐ اللہ!