← نور و سرور
1
خُدا کے آپؐ ہوئے نُور یا رسُولؐ اللہ!
یہ دِل ہے آپؐ سے مسرور یا رسُولؐ اللہ!
2
جَنابِ حق میں ہر اِک بات آپؐ کی مقبول
ہر التماس ہے منظور یا رسُولؐ اللہ!
3
ہے نام آپؐ کا واصِل خُدا کے نام کے ساتھ
جبینِ عرش پہ مسطور یا رسُولؐ اللہ!
4
ہوائے خُلد چلی ‘ آپؐ کا ہے ذِکر چِھڑا
فضا خُوشی سے ہے معمور یا رسُولؐ اللہ!
5
ہیں فعل آپؐ کے سب ‘ حرفِ حق کی تفسیریں
ہیں قول‘ دین کا منشور یا رسُولؐ اللہ!
6
رُخِ جمیل آپؐ کا نہ دیکھ سکے کوئی
ہزار پردوں میں مستور یا رسُولؐ اللہ!
7
بسر ہو زِندگی ساؔجِد کی آپؐ کے در پر
کبھی غلام نہ ہو دُور یا رسُولؐ اللہ!