← نور و سرور
1
کھڑا ہوں در پر سراپا اِلتجا ہوں یا رسُولؐ اللہ!
غُلامِ کمترین ادنیٰ گَدا ہوں یا رسُولؐ اللہ!
2
سہارا دیجیٔے بے دست و پا ہوں یا رسُولؐ اللہ!
کرم فرمائیے بے آسرا ہوں یا رسُولؐ اللہ!
3
مِرا حالِ زَبُوں محتاج ہے چشمِ عِنایَت کا
پریشاں ہوں گِرفتارِ بلا ہوں یا رسُولؐ اللہ!
4
مجھے دُوری مدینے کی بہت بے چین رکھتی ہے
غم و رنج و الَم میں مُبتلا ہوں یا رسُولؐ اللہ!
5
بِھکاری آپؐ کا ہوں نام لیوا آپؐ کا آقا!
طلبگارِ عطا ہوں بے نواہوں یا رسُولؐ اللہ!
6
بنامِ غوثِؓ اعظم میرے دِل میں روشنی آئے
میں تاریکی میں مدت سے پڑا ہوں یا رسُولؐ اللہ!
7
میں ساؔجِد نام کا ہوں کام کا ساؔجِد بھی بن جاؤں
تَہی دامَن لیے کب سے کھڑا ہوں یا رسُولؐ اللہ!