← نور و سرور
سارے عالم کے لیے آپؐ ہیں رحمت شاہا!
سر بسر نُورِ سراپائے محبت شاہا!
آپؐ کی یاد ہے سرمایۂ تسکین ہمیں
آپؐ کا شوق دل و جاں کی مسرّت شاہا!
ذکر ہے آپؐ کی سیرت کا جہاں سارے میں
بے مثال آپؐ کی پُر نُور ہے صورت شاہا!
سبزِ گنبد کے لیے رہتا ہوں بے چین سدا
ہے مدینے کا مجھے شوقِ زیارت شاہا!
وہ زمانے میں ہیں معزّز ہے خدا شاہد ہے
جو تَے دل سے کریں آپؐ کی عزّت شاہا!
جِس سے خُوشنود ہو، رب اُس کو عطا کرتا ہے
نعمتِ خاص کہ ہے آپؐ کی نسبت شاہا!
حشر کے روز بھی مصروفِ ثنا ہو ساجد
اِس کے لب پر ہو یُونہی آپؐ کی مدحت شاہا!