← نور و سرور
1
سیدِؐ عالَم کا لُطفِ جاودانی چاہیے
اُن کی شفقت چاہیے اور مہربانی چاہیے
2
سیم و زر کیا جان و ایماں آپؐ پر قُربان ہیں
اُن کے قدموں میں رہوں یہ شادمانی چاہیے
3
خلعت و پوشاکِ زرّیں کی نہیں ہے آرزو
خاص ہے جو اُن کے اپنوں کی نشانی چاہیے
4
دِل میں سیلِ شوق ہو لب پر نبیؐ کا نام ہو
اُن کی خاطِر وقف ہو وہ زِندگانی چاہیے
5
آپؐ کے در کے فقیروں میں مِرا بھی نام ہو
بادشاہی چاہیے نہ حکمرانی چاہیے
6
شوقِ دِل کی داستاں لب سے بیاں ہوتی نہیں
اشکِ خونیں کی زُباں میں ترجمانی چاہیے
7
رات دِن لکھتا رہوں ساؔجِد ثنائے مُصطفٰیؐ
طبعِ موزوں کو مِری ایسی روانی چاہیے