← نور و سرور
خَلق کا مدّعا محمدؐ ہیں
جانِ ارض و سما محمدؐ ہیں
پرتوِ حُسنِ حق، حبیبؐ خدا
شاہد دلربا، محمدؐ ہیں
میرے سرکارِ دوراں، رہبرِ کُل
مُرشدِ انبیا، محمدؐ ہیں
اُن کے دم سے زمیں کی شادابی
آسمانوں کی ضیا، محمدؐ ہیں
جان ہے جن کے نام پر قرباں
دل ہے جن پر فِدا، محمدؐ ہیں
اُن کے اخلاق مُو بمُو قرآں
نُورِ حق مرحبا، محمدؐ ہیں
وہ ہیں تمام رحمتِ حق، ساجد
اِک وفا کا پتا، محمدؐ ہیں