← نور و سرور
1
ساماں سُکونِ قلب کا نام آپؐ ہی کا ہے
بعد از خُدا بزرگ مَقام آپؐ ہی کا ہے
2
بھرتا جہاں ہے دامَنِ دِل آپؐ کا ہے در
بُجھتی ہے جِس سے تَشنَگی ‘ جام آپؐ ہی کا ہے
3
حرفِ غلط تھا ‘ مٹ گئی باطِل کی داستاں
لوحِ جہاں پہ نقشِ دوام آپؐ ہی کا ہے
4
ہر اِک سوال کا وہ کامِل جواب ہے
ہر جہت پہ مُحیطِ نِظامِ آپؐ ہی کا ہے
5
تخلیق کی کتاب کا دیباچہ آپؐ ہیں
اور انبیاءؐ میں آخری نامِ آپؐ ہی کا ہے
6
پل بھر میں اِس زمیں سے گیا لامَکاں میں کون
اللہ ‘ یہ کمالِ خرام آپؐ ہی کا ہے
7
ساؔجِد کو خاص اِذنِ حضوری ہو اے کریم!
بیٹھا رہے گا در پہ غُلام آپؐ ہی کا ہے