نور و سرور

نبیؐ کے شہر میں میرا قیام، صلِّ علیٰ

یہ حاضری یہ صلوٰۃ و سلام، صلِّ علیٰ

میں مر چلا تھا مرے دم میں پھر سے دم آیا

بنام سیدِؐ عالی مقام، صلِّ علیٰ

طلب سے بڑھ کے نوازا ہے دستِ رحمت نے

کرم سے اُن کے ہے دل شادکام، صلِّ علیٰ

ہیں ذرّے خاکِ مدینہ کے آسماں کے نجوم

بفیض نسبتِ خیرالانام، صلِّ علیٰ

خدا کرے ہو یہیں پر گزر بسر میری

یہیں پر ہو میری عمر تمام، صلِّ علیٰ

شبانہ روز نبیؐ سے یہ ربط محکم ہو

رہے جنابؐ سے نسبت مدام، صلِّ علیٰ

انہی کے نعت سے ساجد مرا تعارف ہو

ہو میرے ورد زباں اُن کا نام، صلِّ علیٰ