نور و سرور
1

نبیؐ کے شہر میں میرا قیام ‘ صلِّ علیٰ

یہ حاضری یہ صلٰوۃ و سلام ‘ صلِّ علیٰ

2

میں مر چلا تھا مِرے دم میں پھر سے دم آیا

بنامِ سیدِؐ عالی مَقام ‘ صلِّ علیٰ

3

طلب سے بڑھ کے نَوازا ہے دستِ رحمت نے

کرم سے اُن کے ہے دِل شادکام ‘ صلِّ علیٰ

4

ہیں ذرّے خاکِ مدینہ کے آسماں کے نجوم

بفیضِ نِسبتِ خیرؐالانام ‘ صلِّ علیٰ

5

خُدا کرے ہو یہیں پر گزر بسر میری

یہیں پہ ہو میری عمر تمام ‘ صلِّ علیٰ

6

شبانہ روز نبیؐ سے یہ ربط مُحکم ہو

رہے جنابؐ سے نِسبت مُدام ‘ صلِّ علیٰ

7

انہی کے نعت سے ساؔجِد مِرا تعارف ہو

ہو میرے وِرد زُباں اُن کا نام ‘ صلِّ علیٰ