شوقِ فراواں

ہوں لاکہ⚠️ راہ عشق میں غم اور زیادہ

ہم شوق سے جھیلیں گے الم اور زیادہ

تکلیف اُٹھائیں تو جگر اور ہو شاداب

دل میں ہو غم شاہؐ سے دم اور زیادہ

اے ہمت مرداں! ابھی منزل نہیں آئی

چلنا ہے ابھی چند قدم اور زیادہ

دشواریاں جتنی ہوں راہ شاہؐ رسل میں

ہم ہوتے ہیں خوش حق کی قسم اور زیادہ

ہوتی ہی نہیں ختم کبھی قرب کی راہیں

بڑھتے ہی چلے جاتے ہیں ہم اور زیادہ

آقائے دو عالم کی نوازش سے مسلسل

ہوتے ہیں شب و روز کرم اور زیادہ

ساجدؔ ہو لحد میں بھی ثنا میری زباں پر

آہوئے⚠️ قلم کا ہو یہ رم اور زیادہ