← اُن کی یاد اُن کا خیال
1
شاہ کے نام کا جواب نہیں
نُور کے جام کا جواب نہیں
2
ہے کہاں ایسی صبحِ دِل افروز
اس حسیں شام کا جواب نہیں
3
اُن کی چشمِ کرم کا ہے فیضان
دِل کے آرام کا جواب نہیں
4
روشنی اُس کی ہے اُفق بہ اُفق
حق کے پیغام کا جواب نہیں
5
لاکھوں گُلفام سروقد آئے
اُس قد و فام کا جواب نہیں
6
بے طلب مہربانیاں اُن کی
اُن کے اکرام کا جواب نہیں
7
مرحبا، شہرِ مُصطفٰےؐ ساؔجِد
اِن در و بام کا جواب نہیں