اُن کی یاد اُن کا خیال
1

مرکز ہیں اِلتِفاتِ خُدا کا مِرے حضورؐ

اللہ و حق کی صورتِ زیبا مِرے حضورؐ

2

اُن سے بہارِ دِل ہے اُنہی سے قرارِ جاں

شفقت ‘ کرم ‘ سخا ہیں سرا پا مِرے حضورؐ

3

رحمت سے اُن کی دیدہ و دِل میں ہیں رونقیں

بے حد شفیق ہیں وہ مِرے آقا مِرے حضورؐ

4

اُن کا خِیال ‘ اُن کا تَصوُّر ہے دستگیر

غم کی ہیں ظلمتوں میں اُجالا مِرے حضورؐ

5

جلوہ ہیں عین ذات کا ‘ دِل کائنات کا

بعد از خُدا ہیں اعظم و اعلیٰ مِرے حضورؐ

6

رہبر ہیں اِنس و جنّ و مَلک کے مِرے آقاؐ

سب کی پناہ سب کا سہارا مِرے حضورؐ

7

ساؔجِد نہیں وہ اہلِ وفا ہی کے چارہ گر

سارے جہان کے ہیں مسیحا مِرے حضورؐ