← اُن کی یاد اُن کا خیال
سارے عالم کے ہیں سلطان رسولِ عربی
شکلِ انساں میں ہیں قرآن رسولِ عربی
وہ ہیں محبوبِ خدا، حُسن سراپا وہ بدن
یہ جہاں جسم ہے اور جان رسولِ عربی
پرتوِ ذاتِ احد ہے وہ حسین پیکرِ نور
حق تعالیٰ کا ہے احسان رسولِ عربی
خوفِ گرداب کا کوئی نہ خطر موجوں کا
ہے سفینے کا نگہبان رسولِ عربی
اب تو بھر جائے مرے دل کا یہ دامانِ تہی
ہو عطا دولتِ عرفان رسولِ عربی
میری شامیں، میری صبحیں ہیں فقط اُن کے لئے
میری خوشیوں کا ہے عنوان رسولِ عربی
کون سی چیز ہے ساجدؔ کی جہاں میں اپنی
کیا کرے آپ پہ قربان رسولِ عربی