اُن کی یاد اُن کا خیال
1

سارے عالَم کے ہیں سُلطان رسُولِ عربی

شکلِ انساں میں ہیں قُرآن رسُولِ عربی

2

وہ ہیں محبوبِ خُدا، حُسن سراپا وہ بدن

یہ جہاں جِسم ہے اور جان رسُولِ عربی

3

پرتوِ ذاتِ احَد ہے وہ حسین پَیکرِ نُور

حق تعالیٰ کا ہے اِحسان رسُولِ عربی

4

خوفِ گرداب کا کوئی نہ خطر موجوں کا

ہے سفینے کا نِگہبان رسُولِ عربی

5

اب تو بھر جائے مِرے دِل کا یہ دامانِ تہی

ہو عطا دولتِ عِرفان رسُولِ عربی

6

میری شامیں، میری صبحیں ہیں فقَط اُن کے لئے

میری خوشیوں کا ہے عنوان رسُولِ عربی

7

کون سی چیز ہے ساؔجِد کی جہاں میں اپنی

کیا کرے آپ پہ قُربان رسُولِ عربی