اُن کی یاد اُن کا خیال
1

مدینے کا ہے جان پرور اُجالا

یہاں رات دِن ہے برابر اُجالا

2

حسین و لطیف اُن کا پَیکر اُجالا

اُجالے کا سایا سراسر اُجالا

3

وہ نُوری بدن پرتوِ اسمِ اعظم

اُجالا خُدا کا پَیمبر اُجالا

4

مدینے کے بازار ہیں کہکشائیں

ہے ہر بام و دیوار و در پر اُجالا

5

بفیضِ نبیؐ عارفوں کی نظر میں

ہے باہر اُجالا ہے اندر اُجالا

6

حبیبِ خُدا کا نہیں کوئی ثانی

نہیں کوئی بھی اُن کا ہمسر اُجالا

7

ہر اِک دِل میں ساؔجِد ہو نُورِ نُبُوت

ہو ماہِ ہدایت کا گھر گھر اُجالا