اُن کی یاد اُن کا خیال
1

لب پہ نام اُن کا مِرے ہر دم رہے

بے خُودی کا دِل میں اِک عالَم رہے

2

روز بھیجیں اُن کو سوغاتِ درود

دِل ہمارا شاد، جاں خُرّم رہے

3

ذِکرِ اُن کا ہر گھڑی سُنتے رہیں

دِل میں دم اور دم میں جب تک دم رہے

4

ہم رہیں شفقت کے سائے میں سدا

جان و دِل میں نُورِ حق پیہم رہے

5

رات دِن دِل میں رہے اُن کا خِیال

یادِ اُن کی دِل میں ایسے ہم رہے

6

نام سے اُن کے ہوئیں حل مُشکلیں

غم کے سب طوفان پَیکر تھم رہے

7

رات بھر سُنتے رہے ساؔجِد ثَنا

رات بھر سَرشار و سرخوش ہم رہے