اُن کی یاد اُن کا خیال
1

اُن کی پہچان اگر ہو جائے

ہر کوئی اہلِ خبر ہو جائے

2

مِہرباں گر وہ نظر ہو جائے

دِل مِرا رشکِ قمر ہو جائے

3

گر نِقاب اُلٹیں وہ رُخ سے اپنے

شبِ تاریک سحر ہو جائے

4

اہلِ زر ‘ رشک سے دیکھیں مجھ کو

مجھ پہ جب اُن کی نظر ہو جائے

5

سنگ کے ٹکڑے کی قِسِمت ‘ اللہ

اُن سے چھُو کر جو گُہر ہو جائے

6

کاش ‘ منزِل ہو مدینہ میری

کاش اُس سَمت سفر ہو جائے

7

میرے دِل کی ہے تمنّا ساؔجِد

عمر اس در پہ بسر ہو جائے