اُن کی یاد اُن کا خیال
1

کیا شان ہے شانِ رسُولِ خُدا سُبحان اللہ سُبحان اللہ

خالِق کی ادا ہے اُن کی ادا سُبحان اللہ سُبحان اللہ

2

وہ راہِ خُدا کے رہگیروں کے مرشد و ہادی، رہنما

ہیں نُور کا پَیکر سرتاپا سُبحان اللہ سُبحان اللہ

3

دِن رات تَصوُّر ہو اُن کا، دِن رات ہو یاد اُن کی دِل میں

ہر دَم ہو زُباں پر صلِّ علیٰ سُبحان اللہ سُبحان اللہ

4

دِل جب بھی غموں سے گھبرائے نام اُن کا سہارا بن جائے

یہ نام ہے حلِ ہر مشکل کا سُبحان اللہ سُبحان اللہ

5

اللہ کرے جب مرگ آئے وہ پَیکرِ نُور نظر آئے

کیا خوب وہ ہو گا نظارا سُبحان اللہ سُبحان اللہ

6

وہ مرکزِ دائرۂ امکاں ہے جس کے سبب شاداب جہاں

سیراب کرم عالَم سارا سُبحان اللہ سُبحان اللہ

7

ہم ایسے سیہ کاروں پر کرم ساؔجِد ہے یہ فیضِ شاہِ اُمم

عالَم میں کہاں مُونِس ایسا سُبحان اللہ سُبحان اللہ